سپاہی ہیمراج کی بیوہ نواز شریف کو مدعو کرنے پر برہم

متھرا۔25مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں نواز شریف کو مدعو کئے جانے پر مہلوک ہندوستانی سپاہی ہیمراج کی بیوہ نے ناراضگی کا اظہار کیاہے ۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے اُن کے شوہر کا سر واپس لانے یا پھر اس بہیمانہ ہلاکت کی مذمت کا مطالبہ کیاہے ۔ ہیمراج کی بیوہ دھرم وتی نے کہا کہ نواز شریف کو چاہیئے کہ ان کے شوہر کا سر اپنے ساتھ لائیں یا پھر پاکستانی سپاہیوں کی انسانیت سوز حرکت کی برسرعام مذمت کریں ۔ لانس نائک ہیمراج کو گذشتہ سال 8جنوری کو جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں پاکستانی سپاہیوں نے ہلاک کر کے اُن کا سر تن سے جدا کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت مودی کو اس طرح نواز شریف کو مدعو نہیں کرنا چاہیئے تھا ۔ انہوں نے بی جے پی کو ووٹ دیا کیونکہ مودی نے متھرا میں انتخابی تقریر کرتے ہوئے اس معاملہ میں منموہن سنگھ حکومت کی بے عملی کی نہ صرف مذمت کی بلکہ پاکستان کو چیالنج بھی کیا تھا ۔