اسٹاکہوم2 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) سویڈن میں ایک ہفتہ میں تیسری مسجد پر حملہ کر کے اسے آگ لگا نے کی کوشش کی گئی،واقعہ سویڈن کے چوتھے بڑے شہر اوپسالا میں پیش آیاجس کے بعدپولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے عمارت پر فائر بم پھینکا گیاجبکہ مسجدکی عمارت پر نازیبا الفاظ بھی کولکھے گئے تاہم حملہ کے وقت عمارت میں کوئی نہیںتھا۔تفصیلات کے مطابق سویڈن میں ایک ہفتے کے دوران تیسری مسجد کوآگ لگانے کی کوشش کی گئی ہے۔ سویڈش نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ واقعہ سویڈن کے چوتھے بڑے شہر اوپسالا میں پیش آیا جبکہ مسجد کی عمارت پر نازیبا الفاظ بھی تحریر کیے گئے ہیں۔ پولیس نے ایک بوتل کے ذریعے آتش گیر مادہ پھینکے والے شخص کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ عینی شاہدین سے بھی مدد طلب کی گئی ہے۔ جس وقت یہ حملہ کیا گیا، مسجد میں کوئی بھی شخص موجود نہیں تھا۔ نسل پرستی کے خلاف سرگرم جریدے ایکسپو کے مطابق گزشتہ برس مسجدوں پر تقریبا 12 مصدقہ حملے کیے گئے لیکن انہیں رپورٹ نہیں کیا گیا تھا۔ یورپ بھر میں مسلمان مہاجرین کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔