سویڈن‘ ہندوستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں

نئی دہلی۔ 2؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے جذبہ کے ساتھ سویڈن نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کی نئی حکومتوں کی توانائی سے ترقی ہوگی۔ وزیراعظم نریندر مودی کے ’میک اِن انڈیا‘ اور ’سوچھ بھارت‘ اقدامات کے تعلق سے سویڈن نے نہایت ہی مثبت اور پرزور حمایت کی ہے۔ ہندوستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات میں اور کئی سویڈن فرمس نے ہندوستان میں سرمایہ کاری کی ہے۔ سویڈن کے سفیر برائے ہند ہیرالڈ منیڈبرگ نے کہا کہ سویڈن اور ہندوستان دونوں جگہ حال ہی میں انتخابات ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں میں نئی حکومتوں نے اقتدار سنبھالا ہے۔ مجھے توقع ہے کہ دونوں ملکوں کی نئی حکومتوں کی توانائی ہر محاذ پر ترقی لائے گی۔ دونوں ہی ممالک ایک دوسرے کے درمیان تعلقات کو مضبوط و مستحکم بنائیں گے۔ ہیرالڈ منیڈبرگ نے کہا کہ وہ ’میک اِن انڈیا‘ اور صاف صفائی مہم جیسے اقدامات پر مثبت رائے رکھتے ہیں۔ اس پر میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ میک اِن انڈیا کا مطلب سویڈن، ہندوستان میں ہی اشیاء تیار کرے گا۔ حکومت نے ستمبر میں ’میک اِن انڈیا‘ مہم شروع کی ہے تاکہ ہندوستان میں پیداواری صنعت کو فروغ دیا جاسکے۔ ہندوستان میں قائم سویڈن کی کمپنیوں سے راست طور پر 1,50,000 افراد کو روزگار حاصل ہے۔ دونوں ملکوں میں سفر کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔ ہم نے ایک سال میں 14 ہزار ویزے جاری کئے ہیں۔