سوڈان میں قیام امن مشن کے بعد ہندوستانی فوجی واپس

خانہ جنگی کے خاتمہ کے بعد کئی تعمیراتی کام انجام دیئے گئے
ممبئی ۔ 27 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی فوج کے تقریباً 200 سپاہی جنگ سے متاثرہ جنوبی سوڈان میں اپنے قیامِ امن مشن کی تکمیل کے بعد ہندوستان واپس ہوئے ہیں۔ فوج کی 62 ویں انڈین مومنٹل ملٹری انجینئرنگ کمپنی سے وابستہ ان سپاہیوں کو 2011 ء سے جنوبی سوڈان میں تعینات کیاگیاتھا ۔ یہاں پر خانہ جنگی کے بعد جنوبی سوڈان کو آزادی نصیب ہوئی اور ہلاکت خیز خانہ جنگی میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے تھے ۔ اس کی اصل معیشت بھی تباہ ہوچکی تھی ۔ فوجی عہدیدار نے بتایاکہ ہم نے جنوبی سوڈان میں قیام امن مشن کا حصہ بن کر موثر کام انجام دیا ہے ۔ اس ماہ کے آغاز میں ہی ہندوستانی فوج واپس ہونے لگی تھی ۔ آئندہ ہفتے تمام فوج واپس ہوجائیگی۔ اقوام متحدہ مشن حصہ کے طورپر ہندوستانی فوج نے گڑبڑزدہ ملک میں سڑکوں کی تعمیر ، قومی شاہراہوں اور پُلوں کی ہنگامی مرمت کے کام انجام دیئے ۔ اس کے علاوہ لاکھوں بے گھر افراد کیلئے عارضی شلٹرس بھی تعمیر کئے گئے ۔ ہندوستانی فوج نے جنوبی سوڈان کے عوام کے لئے مختلف انتظامات بھی کئے ۔ ہمارے لئے یہ سب سے بڑا طویل سفر تھا ۔ اب ہمارے سپاہی اپنے وطن واپس ہورہے ہیں اور وہ اپنے ارکان خاندان کے ساتھ جا ملیںگے ۔ ہم نے جنگ زدہ اس ملک میں امن بحال کرنے کی بہتر کوشش کی جس میں ہم کامیاب بھی رہے ۔