دارفور۔ 12 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے مطابق سوڈان کے بحران زدہ علاقہ دارفور میں ملکی فوج کے دستے گزشتہ برس اکتوبر میں دو سو سے زائد خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے مرتکب ہوئے۔ قبل ازیں اسی تعلق سے اقوام متحدہ کی طرف سے کہا گیا تھا کہ وہ اس ضمن میں کافی شواہد جمع کرنے میں ناکام رہا ہے کہ دارفور میں ایسے وسیع تر جرائم کا ارتکاب کیا گیا تھا۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق ریپ کے ان واقعات کے بعد اس تنظیم کی طرف سے کئے گئے انٹرویوز میں 27 واقعات میں متاثرہ خواتین نے براہ راست تصدیق کی اور 194 واقعات میں اس سلسلے میں قابل اعتماد شواہد جمع کئے گئے کہ اکتوبر 2014ء میں سوڈانی فوج کے دستے شمالی دارفور میں تابِت کے قصبے میں 220 سے ز ائد خواتین کی عصمت ریزی کے مرتکب ہوئے۔ اس دوران 30 اکتوبر سے شروع ہو کر سوڈانی فوج نے اس قصبے پر 36 گھنٹوں میں تین مرتبہ حملے کئے۔