سوچھ حیدرآباد ‘چیف منسٹر کی اپیل کاعوام پر مثبت اثر

حیدرآباد 17مئی ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں عوام کو درپیش مختلف بنیادی مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت کی جانب سے شروع کردہ ’’سوچھ حیدرآباد‘‘ پروگرام کو کامیاب بنانے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو کی اپیل کا عوام میں زبردست مثبت رد عمل پایا جارہا ہے جس کی وجہ سے شہر حیدرآباد کے ہر گلی کوچوں میں سوچھ حیدرآباد پروگرام منظم کئے جارہے ہیں اور اس پروگرام میں عوام کی بڑی تعداد کے علاوہ عہدیدار کثیر تعداد میں حصہ لیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں بالخصوص عوام میں یہ تاثر پایا جارہا ہیکہ خود حکومت اور اس کا نظم و نسق ان کے پاس پہونچ رہا ہے جس کے پیش نظر عوام کو دفاتر کے چکر کاٹنے کے بجائے اب ان کے ہاں آنے والے عہدیداروں سے ان کے مختلف مسائل بشمول راشن کارڈز ‘ پنشن ‘اسکولس ‘پینے کے پانی کے مسائل کے ساتھ ساتھ ڈرینج وغیرہ کی یکسوئی کا عوام کو تیقن دے رہے ہیں معمولی نوعیت کے مسائل کی برسر موقع یکسوئی کی جارہی ہے اور بڑے مسائل رہنے پر انہیں نوٹ کرتے ہوئے کچھ وقت درکار ہونے کا اظہار کرتے ہوئے یکسوئی کا تیقن دیا جارہا ہے ۔ اسی دوران چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو آج سکندرآباد کے علاقہ کے پارسی گٹہ کی مختلف بستیوں کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کر کے وہاں کے عوام سے دریافت کرکے مسائل سے واقفیت حاصل کی اور کئی مسائل کی برسر موقع یکسوئی کرنے کیلئے اقدامات کئے ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے عوام پر زور دیا کے اپنے مکان کے علاوہ مکانات کے اطراف و اکناف میں بھی صفائی پائی جانے پر اس کے فوائد ‘اہمیت و افادیت سے عوام کو واقف کروایا جس کا عوام پر کافی مثبت اثر مرتب ہوا اور عوام نے بھی چیف منسٹر کو یقین دلایا کہ وہ اپنے علاقہ میں صحت و صفائی کی برقراری کیلئے بہر صورت کوشش کریں گے ۔ بتایا جاتا ہیکہ آج بھی سوچھ حیدرآباد پروگرام میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن ‘مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ کے ساتھ ساتھ ریاستی وزراء شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی ‘ارکان قانون ساز کونسل ‘اعلی عہدیدار بشمول ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر انوراگ شرما کے علاوہ کئی سینئر آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں نے سرگرم حصہ لیا ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو نے اس موقع پر مزید کہا کہ شہر حیدرآباد میں جملہ 24 یونٹس قائم کئے گئے ہیں اور ان یونٹس کے ذریعہ ہی شہر حیدرآباد میں سوچھ حیدرآباد پروگرام میں ہر ایک کو شامل کر کے ایک تحریک کی مانند منظم کیا جارہا ہے ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے مزید کہا کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع تلنگانہ میں بھی یہ پروگرام آئندہ تین دن تک جاری رہے گا اور اس پروگرام کے تعلق سے بہت جلد تفصیلی جائزہ لیا جائیگا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا ۔