سوچھ حیدرآباد کا آج آغاز ، وزراء اور سرکاری عہدیداران بھی حصہ لیں گے

گریٹر حیدرآباد کے مسائل کو حل کرنے کا عزم ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔15مئی(سیاست نیوز ) شہری سطح پر بنیادی مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے چار روزہ سوچھ حیدرآبادکا 16تا20مئی آغاز عمل میںآرہا ہے جس میں گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن‘ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر رائو‘ ڈپٹی چیف منسٹرس الحاج محمد محمو دعلی‘ کڈیم سری ہری اورریاستی وزراء‘ آئی اے ایس ‘ آئی پی ایس عہدیداروںکے علاوہ بلدی ‘ برقی ‘ آبرسانی محکموں کے اعلی عہدیدار‘ مقامی قائدین ‘ اور کارکنان بھی سوچھ حیدرآباد مہم میں حصہ لیں گے۔ آج یہاں ڈپٹی چیف منسٹر کیمپ آفس واقع اعظم پورہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے الحاج محمد محمو د علی نے سوچھ حیدرآباد کی تفصیلات پیش کی اور کہاکہ عوامی مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کو یقینی بنانے کے لئے ہندوستان کی تاریخ میںپہلی مرتبہ چیف منسٹر اس قسم کی مہم میں حصہ لے رہے ہیںجس سے راست مقامی عوام کوفائدہ پہنچے گا۔جناب محمد محمود علی نے کہاکہ چار روزہ سوچھ حیدرآباد کے لئے425ڈویثرن کی تشکیل عمل میںلائے گئی ہے اور ہر ڈویثرن کے لئے متعلقہ بلدی برقی آبرسانی عہدیداروں کے ساتھ وزراء یاپھر آئی اے ایس ‘ آئی پی ایس عہدیداروں کے ساتھ مقامی قائدین کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو مقامی عوام کے مسائل آگاہی حاصل کرتے ہوئے ایک رپورٹ تیار کریں تاکہ مذکورہ مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لئے سوچھ حیدرآباد کے لئے مختص کردہ بجٹ کی اجرائی مسائل زدہ علاقے کی ترقی کے لئے استعمال کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہاکہ سوچھ حیدرآباد کا اصل مقصد گریٹر حیدرآباد میں عوام کو درپیش بنیادی مسائل کو حل کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائونے شہر حیدرآباد کو صاف ‘ ستھرا اور بنیادی مسائل سے پاک شہر بنانے کے لئے سوچھ حیدرآباد مہم کا آغاز کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ چار روزہ سوچھ حیدرآباد کے بعد ہر ماہ بنیادی مسائل کے متعلق عہدیدار گھر گھر پہنچ کر معلومات حاصل کریں گے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سوچھ حیدرآباد مہم کے دوران مذکورہ ٹیم کی جانب سے ہر گھر کو دو ڈبے فراہم کئے جائیںگے ایک گھر کا کچرا ڈالنے کے لئے دوسرا کانچ ‘ پلاسٹک اور مٹی کے ٹکڑوں کے لئے جو محکمہ بلدیہ کے لیبر کی جانب سے ہر روز صاف بھی کیا جائے گا۔انہوں نے عوام سے سوچھ حیدرآباد مہم میںبڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور عوامی مسائل کو حل کرنے میںحکومت کا تعاون کرنے کی اپیل کی۔