اعظم پورہ میں مہم کا آغاز، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا عہدیداروں کے ساتھ دورہ
حیدرآباد۔16مئی(سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے پرانے شہر کے آعظم پورہ علاقہ سے سوچھ حیدرآباد مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ حیدرآباد آر ڈی اوشریمتی نکھیلہ ریڈی‘ مسٹر امرناتھ آر ڈی او چارمینار‘ مسٹر سبرامنیم ریڈی زونل کمشنر جی ایچ ایم سی ساوتھ زون‘مبین احمد ایس جے سرکل 16‘بی شیام یس ای‘ ڈ ی راجندرا ‘ محکمہ برقی کے عہدیداران مسرس محمد عابد علی‘ سید ابراہیم‘مقصو د علی‘ کے پربھاکر‘ جے مہیش‘ محکمہ آبرسانی عہدیداران ایس شیوا شنکر‘ محمد ظہور‘ اے سی پی سلطان بازارمسٹر گریدھر اور بلدی ‘ برقی ‘ آبرسانی‘ ریونیوعملہ بھی موجود تھے۔ جناب محمد محمود علی نے پرانے شہر کو نئے شہر کے طر ز پر ترقی یافتہ بنانے کے عزائم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ سوچھ حیدرآباد مہم کا مقصد ہی شہر حیدرآباد کو بنیادی مسائل سے پاک علاقہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرانے شہر سے آلودہ پانی کی سربراہی‘ ناقص ڈرینج سسٹم اور باربار برقی کٹوتی جیسے مسائل کو حل کرنے کے لئے چار روزہ سوچھ حیدرآباد مہم کا پرانے شہر کے اعظم پورہ علاقے سے شروعات عمل میں آئی ہے۔ آئندہ تین روز میںپرانے شہر کے چپے چپے کاجائزہ لیا جائے گا اور وہ خود بلدی ‘ برقی اور آبرسانی عہدیداروں کے ساتھ پرانے شہر کے ہر گھر پہنچ کر مسائل کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہاکہ پرانے شہر میں سوچھ حیدرآباد مہم کے دوران ہر غریب خاندان کو فوڈ سکیورٹی کارڈ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا جس کے ذریعہ غریب خاندان کے ہر فرد کو چھ کیلو معیاری چاول دیا جائے گا۔اس کے علاوہ آدھار کارڈ‘ شناختی کارڈاور کاسٹ سرٹیفکیٹ جیسے مسائل کو بھی حل کرنے کاکام کیا جائے گا۔ انہوں نے پرانے شہر کی عوام سے حکومت تلنگانہ کے سوچھ حیدرآباد پروگرام میں شامل ہوکر اپنے مسائل پیش کرنے اور عہدیداروں کو مذکورہ مسائل کو حل کرنے کا موقع فراہم کرنے کی اپیل کی۔جناب اعظم علی خرم‘ ایم اے ستار‘ ایم اے ذیشان‘ عبدالباری‘ راشد شریف کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں ٹی آر ایس قائدین او رکارکنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔