سوچھ بھارت مشن کا آج افتتاح

نئی دہلی ۔ یکم ؍ اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کل ’’سوچھ بھارت‘‘ مشن کا افتتاح کریں گے جس کا مقصد آئندہ 5 سال میں ہندوستان کو صاف ستھرا بنانا ہے۔ مودی 2 اکٹوبر کو گاندھی جینتی کے موقع پر علامتی طور پر جھاڑو دیں گے جس کے بعد یہ تحریک بڑے پیمانے پر ملک بھر میں شروع ہوجائیں گی۔ سرکاری دفاتر کے علاوہ دہلی میں بی جے پی قائدین نے اس پروگرام میں شرکت کی تیاری کرلی ہے۔ اس موقع پر صفائی کا عہد بھی کریں گے۔ دہلی میں 50 سرکاری اسکولس کے 2500 سے زائد طلبہ بھی انڈیا گیٹ پر وزیراعظم کے ساتھ صفائی کا حلف لیں گے۔ اس کے علاوہ 3 کیلو میٹر طویل پیدل مارچ بھی کیا جائے گا۔ تمام سرکاری ہاسپٹلس میں بھی صفائی کے انتظامات کئے جارہے ہیں اور اسٹاف کو حلف دلایا جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی 5 روزہ دورہ امریکہ سے آج رات واپس ہوئے ہیں۔ کل ان کے سوچھ بھارت پروگرام کے سلسلہ میں سیکوریٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔