سوچھ بھارت ابھیان : شرد پوار نے بھی جھاڑو لگائی

پونے ۔ 14 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : این سی پی نے بالاخر بی جے پی کے ساتھ اپنی مفاہمت کا اشارہ دے ہی دیا کیوں کہ پارٹی سربراہ شردپوار نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی کے سوچھ بھارت ابھیان سے متاثر ہو کر جھاڑو ہاتھ میں لے لی ۔ مزے کی بات یہ ہے کہ ان کے ساتھ ان کے ارکان خاندان بھی شامل تھے جن میں بیٹی سپریہ سولے ( ایم پی ) ، مہاراشٹرا کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے علاوہ پارٹی جنرل سکریٹری ڈی پی ترپاٹھی نے بارہ متی میں فوٹو گرافروں کے ہجوم میں ایک سڑک پر جھاڑو لگا کر صفائی کی جس سے یہ بات واضح ہوگئی کہ سوچھ بھارت ابھیان نے اب شردپوار کے علاوہ ان کی پارٹی پر بھی اپنا جادو چلایا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ شردپوار نے کچھ روز قبل ہی ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہاراشٹرا میں ڈینگو بخار کی وباء کو دیکھتے ہوئے ان کے پارٹی ورکرس جلد ہی صاف صفائی مہم کا آغاز کریں گے ۔ بارہ متی میں صاف صفائی کے بعد انہوں نے یہ بات کہی۔۔