نئی دہلی ۔ یکم ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام) صرافہ بازار میں مسلسل تیسرے روز بھی سونے کی قیمت میں اضافہ کا رجحان برقرار رہا اور آج 300روپئے اضافہ کے ساتھ فی10گرام سونے کی قیمت 27,000 تک پہنچے گی جبکہ شادیوں کے سیزن کے پیش نظر جویلرس نے بھی سونے کی خریداری شروع کردی ہے تاکہ گاہکوں کی طلب پوری کی جاسکے۔ علاوہ ازیں صنعتی یونٹوں اور سکہ سازوں کی طلب کے پیش نظر 150 روپئے اضافہ کے ساتھ فی کلو چاندی 35,150 روپئے تک پہنچ گئی۔صرافہ بازار کے تاجروں کا کہنا ہے کہ چین میں معاشی مندی کے سبب گذشتہ ماہ سونے کی قیمت انتہائی کم سطح پر پہنچ گئی تھی لیکن آج ماہ ستمبر کا آغاز سونے اور چاندی کی قیمت میں اضافہ کے ساتھ ہوا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔
اودھم پور حملہ، مزید ایک گرفتار
سرینگر ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اودھم پور حملہ کے سلسلہ میں این آئی اے نے آج ممنوعہ لشکرطیبہ کے کارکن شوکت احمد بھٹ ساکن پلواما کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس پر 4 عسکریت پسندوں کو کشمیر میں ایک سے دوسرے مقام منتقل کرنے کا الزام ہے جو وادی میں گھس آئے تھے۔ شوکت کو خصوصی این آئی اے جج جموں کے روبرو پیش کیا جائے گا۔