ممبئی 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی سطح پر مثبت رجحان اور گھریلو مارکٹ میں مقامی جیویلرس کی خریداری میں اضافے کے سبب سونے کی قیمت میں 355 روپئے فی دس گرام اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ چاندی کی قیمت میں بھی 690 روپئے فی کیلو کا اضافہ ہوا ہے۔ سونے کی قیمت 30 ہزار روپئے اور چاندی کی قیمت 40 ہزار روپئے کے نشانے سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ صنعتی شعبے کی طلب میں اضافے کے باعث چاندی کی قیمت جو پہلے 39,955 روپئے فی کیلو تھی، 690 روپئے اضافے کے بعد 40,645 روپئے ہوگئی۔ اِسی طرح خالص سونا (99.9 فیصد) کی قیمت میں بھی فی دس گرام اضافہ ہوا اور یہ 29,905 روپئے سے بڑھ کر 30,260 روپئے ہوگئی۔ معیاری سونا (99.5 فیصد) کی قیمت میں بھی 355 روپئے فی دس گرام اضافہ ہوا اور یہ 29,755 روپئے سے بڑھ کر 30,110 روپئے ہوگئی۔