سونیا گاندھی کے پرچہ نامزدگی کا رائے بریلی سے ادخال

رائے بریلی 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اپنے خاندانی انتخابی حلقہ رائے بریلی سے لوک سبھا میں داخلہ کے لئے صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج اپنا پرچہ نامزدگی رائے بریلی لوک سبھا حلقہ سے داخل کردیا۔ 67 سالہ سونیا گاندھی اِس نشست سے دوبارہ انتخابی مقابلہ کررہی ہیں۔ پرچہ نامزدگی داخل کرتے وقت اُن کے ہمراہ اُن کے فرزند اور پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی بھی تھے۔ سماج وادی پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ سونیا اور راہول گاندھی کے خلاف امیدوار کھڑے نہیں کئے جائیں گے۔ بی جے پی نے سپریم کورٹ کے وکیل اجئے اگروال کو سونیا کے خلاف اپنا امیدوار بنایا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے ہنوز اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد مختصر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہاکہ رائے بریلی کے عوام نے بے انتہا محبت کے ساتھ مجھے اپنالیا ہے اور مجھے اُمید ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں ایک بار پھر مجھے کامیاب بنائیں گے۔ سونیاگاندھی آج صبح دہلی پہونچی تھیں جہاں اُن کا فرصت گنج ایرپورٹ پر پرجوش خیرمقدم کیا گیا۔