راہول گاندھی کے خلاف مضبوط لیڈر کو ٹھہرا کرنے کا منصوبہ ، وینکیا نائیڈو
حیدرآباد 27 مارچ ( پی ٹی آئی ) بی جے پی کے سینئر لیڈر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے خلاف پارٹی کی شعلہ بیان لیڈر اوما بھارتی یا ایم پی سمرتی ایرانی کو امیدوار بنایا جائے گا ۔ اس تعلق سے پارٹی میں غور و خوض ہورہا ہے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ سونیا گاندھی یا راہول گاندھی کے خلاف ایک مضبوط لیڈر کو ٹکٹ دینے کیلئے پارٹی غور کررہی ہے ۔ مجھے ملنے والی اطلاع درست ہے یا نہیں اس کا بعدازاں علم ہوگا لیکن ٹکٹ کا اعلان کرنے سے قبل ان دونوں قائدین کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔ جسونت سنگھ جیسے سینئر قائدین کی جانب سے ناراضگی کے اظہار پر پوچھے گئے سوال کے بعد وینکیا نائیڈو نے کہا کہ انہوں نے بی جے پی سنٹرل الیکشن کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے جسونت سنگھ کو ٹکٹ دینے کی حمایت کی تھی۔ 543 حلقوں میں سے ایک یا دو حلقوں پر تنازعہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے ۔ جسونت سنگھ نے حال ہی میں بی جے پی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بار میر سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔