حیدرآباد 26 مئی (سیاست نیوز) صدر کل ہند کانگریس کمیٹی مسز سونیا گاندھی توقع ہے کہ ماہ جون کے اواخر میں ریاست تلنگانہ کا دورہ کریں گی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے یہ بات بتائی اور کہاکہ تاہم ابھی تک مسز سونیا گاندھی کے ریاست تلنگانہ کے تفصیلی پروگرام کو قطعیت نہیں دی گئی ہے۔ لیکن مسز گاندھی کے پروگرام کو پارٹی قائدین کی آپسی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ 2 جون کو ریاست تلنگانہ کے یوم تاسیس کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے صدر کل ہند کانگریس کمیٹی مسز سونیا گاندھی سے یوم اظہار تشکر کے طور پر منظم کرے گی۔ علاوہ ازیں 3 جون کو مرکزی اور ریاستی حکومت تلنگانہ کی ایک سالہ حکمرانی پر سمینار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔