سونیا گاندھی کا آئندہ ماہ دورہ سوراشٹر کاشتکاروں کے جلسہ عام سے خطاب کا پروگرام

نئی دہلی ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی سوراشٹر میں کاشتکاروں کے ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ وہ ماہ مئی کے نصف اول میں گجرات کے علاقہ سوراشٹر کا دورہ کرنے والی ہیں۔ پارٹی کے ذرائع کے بموجب جلسہ عام کی قطعی تاریخ اور مقام کا اعلان آئندہ 15 دن میں کیا جائے گا۔ سونیا گاندھی گجرات میں بڑے پیمانے پر پروگرام منعقد کرنا چاہتی ہیں۔ یہ جلسہ عام ان کے پروگرام کا اولین حصہ ہوگا۔ مجالس مقامی میں کانگریس کو نمایاں پیشرفت حاصل ہوچکی ہے اس لئے صدر کانگریس گجرات میں اپنی پارٹی کے پروگرام پر زور دینا چاہتی ہیں۔ جلسہ عام کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی گجرات کے دیگر علاقوں میں پروگرام منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔