نئی دہلی ۔ 14 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )بی جے پی نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کی عوام سے کی گئی اپیل کو فرضی قرار دیا ۔ پارٹی لیڈر روی شنکر پرساد نے کئی ٹی وی چینلس پر نشر کی گئی اس اپیل کے بارے میں کہا کہ جس انداز میں فرضی جذباتی اپیل کی گئی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ کانگریس اور سونیا گاندھی کے پیروں تلے زمین کھسک رہی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ یہ انتخابات بدانتظامیوں اور عدم حکمرانی کے ساتھ ساتھ کرپشن ، بڑھتی بیروزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل پر ہورہے ہیں کیونکہ اس کی وجہ سے ہندوستان غیرمحفوظ ہوتا جارہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ان سلگتے مسائل کے بارے میں سونیا گاندھی کے پاس کوئی جواب نہیں ہے اور اسی وجہ سے وہ فرضی جذباتی اپیل کے لئے مجبور ہوئی ہیں۔ بی جے پی نے سابق کوئلہ سکریٹری پی سی پارکھ اور وزیراعظم کے سابق میڈیا مشیر سنجے بارو کی حالیہ منظرعام پر آئی کتابوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو اپنا موقف واضح کرنا ہوگا ۔ انھیں اپنی من مانی اور وزیراعظم کے سیاسی اختیارات کے بارے میں اُٹھائے گئے سوال کا جواب دینا ہوگا ۔ بی جے پی ترجمان نرملا سیتا رامن نے کہا کہ پارکھ اور بارو نے جو اہم مسائل اُٹھائے ہیں اُن کے بارے میں سونیا گاندھی اور راہول کی وضاحت ضروری ہے ۔