سونا، چاندی پر درآمدی ٹیکس میں کمی

نئی دہلی ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے فی10 گرام سونا کی درآمدی قدر کو 421 امریکی ڈالر تک گھٹادیا ہے جو فی الحال 445 ڈالر فی 10 گرام تھی۔ اس طرح فی کیلو چاندی پر درآمدی شرح کو موجودہ 694 ڈالر سے گھٹاکر 644 ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔ مرکزی بورڈ برائے اکسائز و کسٹمس کے اعلامیہ میں یہ اعلان کیا گیا ہے۔ ان قیمتوں کے عالمی رجحان کے تجزیہ کے بعد 15 روزہ بنیاد پر ٹیکس کی قدر پر نظرثانی کی جاتی ہے۔

ہندوستان میں پٹرولیم کے بعد سونا ہی وہ دوسری شئے ہے جو بڑے پیمانے پر درآمد کی جاتی ہے۔ حکومت نے رواں کھاتہ کے بھاری خسارہ پر کنٹرول کیلئے سونا کی درآمدات کو روکنے کے لئے کئی اقدامات کئے تھے جس میں قیمتی دھاتوں کی درآمدی ڈیوٹی میں 10 فیصد اضافہ بھی شامل تھا۔ علاوہ ازیں تاجرین پر درآمد شدہ سونا کا 20 فیصد حصہ برآمد کرنے کا لزوم بھی عائد کیا گیا تھا۔ جس کے نتیجہ میں دیسی مارکٹ میں سونے کی سربراہی میں قلت پیدا ہوگئی تھی۔ جوہریوں کی تنظیم کے مطابق رواں مالیاتی سال کے دوران سونے کی درآمدات 550 ٹن سے زائد نہیں ہونگی۔