سومیش کمار اسپیشل آفیسر جی ایچ ایم سی نے جائزہ حاصل کرلیا

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی توقعات پورا کرنے کا عزم، پریس کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) مسٹر سومیش کمار آئی اے ایس نے آج اسپیشل آفیسر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ اسپیشل آفیسر جی ایچ ایم سی کی حیثیت سے مسٹر سومیش کمار نے آج جائزہ حاصل کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی توقعات کو پورا کرنے کیلئے سرگرم عمل رہنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ شہر حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہر کے طور پر فروغ دینے کی جو منصوبہ بندی کی جارہی ہے اسے قابل عمل بنانے کی حتی الامکان کوشش کریں گے۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ حیدرآباد ایک کروڑ سے زائد نفوس کی آبادی پر مشتمل ایک عظیم شہر ہے۔ اس شہر میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل رہے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ گذشتہ 13 ماہ کے دوران حکومت کی جانب سے کئے جانے والے کئی ایک اقدامات کا بغور مشاہدہ کرتے ہوئے انہیں بہتر سے بہتر طریقہ سے انجام دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ مسٹر سومیش کمار نے مزید کہا کہ تاحال حکومت نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے توسط سے جو کچھ ترقیاتی اقدامات کے اعلانات کئے ہیں انہیں پورا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی شکایات اور نمائندگیوں کے حصول کیلئے بلدیہ کی جانب سے خصوصی انتظام کیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کو ہونے والی دشواریوں کی ترجیحی بنیادوں پر یکسوئی عمل میں لائی جاسکے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ 13 ماہ کے دوران جو تعاون انہیں ذرائع ابلاغ کا حاصل رہا ہے مستقبل میں بھی وہ اسی طرح کے تعاون کی توقع کرتے ہیں۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ حیدرآباد کو عالمی معیار کی سہولتوں کا حامل شہر بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور اس منصوبہ کو قابل عمل بنانے کیلئے انہیں اپنے معاون عہدیداروں و ماتحتین کا تعاون درکار ہے۔ اسی طرح شہریوں کو بھی حیدرآباد ترقی کے علاوہ شہر کو عالمی طرز کے شہر کے طور پر ترقی دینے میں تعاون کرنا چاہئے۔ مسٹر سومیش کمار کے بحیثیت اسپیشل آفیسر جی ایچ ایم سی جائزہ لینے بعد بلدیہ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔