نئی دہلی ۔5 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے متنازعہ رکن اسمبلی اور سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی کی عدالتی تحویل میں مزید 15 یوم کی توسیع کردی گئی ہے جبکہ انھوں نے اپنی اہلیہ کی جانب سے درج گھریلو تشدد کیس میں ضمانت حاصل کرنے کیلئے عدالت میں ایک عرضی داخل کی تھی۔ چند گھنٹوں قبل سپریم کورٹ نے سومناتھ بھارتی کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی یکسوئی کرتے ہوئے انھیں عام نوعیت کی ضمانت کیلئے مقامی عدالت سے رجوع ہونے کی ہدایت دی تھی جبکہ ان کی علحدہ شدہ بیوی لیپکا مترا نے عدالت العالیہ کو مطلع کیا کہ گھریلو تشد اور اقدام قتل کیس میں وہ ثالثی کیلئے آمادہ نہیں ہے ۔ سومناتھ بھارتی نے ایک طرف درخواست ضمانت داخل کی تو دوسری طرف 19 نومبر تک ان کی عدالتی تحویل میں توسیع کردی گئی ہے ۔ صبح ایڈیشنل سیشن جج انیل کمار درخواست ضمانت پر کل سماعت کریں گے ۔ قبل ازیں میٹرو پالیٹن مجسٹریٹ مونیکا نے دہلی پولیس کی درخواست پر ان کی عدالتی تحویل میں 14 یوم میں توسیع کردی ۔ پولیس نے یہ اندیشہ ظاہر کیا کہ سومناتھ بھارتی گواہوں کو دھمانے کیلئے اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ عاپ رکن اسمبلی کو سپریم کورٹ کی جانب سے خودسپردگی کی ہدایت کے بعد 29 ستمبر کو گرفتار کرلیا گیا تھا ۔