سولار پلانٹ کی تنصیب ، ماہانہ 7 تا 8 لاکھ روپئے برقی بل کی بچت

سالار جنگ میوزیم مکمل طور پر سولار سسٹم سے لیس
حیدرآباد 4 جون (سیاست نیوز) سالار جنگ میوزیم ملک میں پہلے ایسے عجائب خانہ کی فہرست میں شامل ہوچکا ہے جوکہ شمسی توانائی کا حامل بن چکا ہے۔ 2012 ء میں سالار جنگ میوزیم انتظامیہ نے میوزیم کو مکمل طور پر سولار سسٹم کے ذریعہ چلانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب سالار جنگ میوزیم انتظامیہ نے میوزیم میں 500kw کا سولار پلانٹ نصب کرتے ہوئے اسے عملی جامہ پہنادیا ہے۔ سالار جنگ میوزیم میں چھت پر نصب کئے گئے سولار پاور پلانٹ کے لئے جملہ 2 کروڑ 20 لاکھ روپئے خرچ کئے گئے جس میں وزارت غیر تجدیدی توانائی کی جانب سے 30 فیصد کی سبسیڈی شامل ہے۔ میوزیم انتظامیہ کے بموجب شمسی توانائی سے پیدا ہونے والی توانائی کے ذریعہ آزمائشی جنریٹر چلائے جارہے ہیں جوکہ 2200kwh یومیہ یونٹ کے استعمال کے قابل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ میوزیم میں استعمال ہونے والی برقی کو تین حصوں میں منقسم کیا گیا ہے جس میں مشرقی و مغربی بلاکس کے علاوہ سنٹرل بلاک شامل ہے۔ سنٹرل بلاک میں برقی کا کافی زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ مسٹر اے ناگیندر ریڈی ڈائرکٹر میوزیم نے بتایا کہ اندرون ایک ماہ مکمل میوزیم کو شمسی توانائی سے مربوط کردیا جائے گا اور میوزیم میں موجود سکیوریٹی سسٹم کا بھی انحصار اسی پر ہوگا۔

جب تک شمسی توانائی سے چلائے جانے والے برقی نظام کو مکمل طور پر کارکرد نہیں بنایا جاتا اُس وقت تک موجودہ طریقہ کار کو جاری رکھا جائے گا۔ توقع کی جارہی ہے کہ اندرون ایک ماہ سالار جنگ میوزیم کو شمسی توانائی کے ذریعہ مکمل برقی سربراہ کی جائے گی۔ میوزیم ذرائع کے بموجب جو اخراجات سولار پاور پلانٹ کی تنصیب کے لئے خرچ ہوئے ہیں، وہ اندرون 4 برس واپس حاصل ہوجائیں گے کیونکہ شمسی توانائی سے پیدا ہونے والی برقی کے استعمال سے میوزیم کو ماہانہ 7 تا 8 لاکھ روپئے برقی بل کی بچت ہوگی۔ سالار جنگ میوزیم کی جانب سے سالانہ تقریباً دیڑھ کروڑ روپئے کے برقی بلز ادا کئے جاتے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ سالار جنگ میوزیم میں روزانہ 4 ہزار 900 یونٹ برقی استعمال کی جاتی تھی اور اب میوزیم میں 500kw سولار پلانٹ کی تنصیب سے یومیہ 2600 یونٹ برقی پیداوار یقینی بنائی جاسکے گی۔ علاوہ ازیں میوزیم انتظامیہ کی جانب سے اس بات پر غور کیا جارہا ہے کہ مزید جگہوں پر نئے سولار پاور پلانٹ تیار کئے جائیں تاکہ اضافی ضرورت کو پورا کیا جاسکے۔