اُتم کمار ریڈی کی 112 دن میں ایک کروڑ صارفین تک رسائی، میڈیا میں چھائے واحد اپوزیشن قائد
حیدرآباد۔/25 اپریل، ( سیاست نیوز) عوامی تائید حاصل کرنے کیلئے سیاستدان سوشیل میڈیا کا بھرپور استعمال کرنے لگے ہیں ۔ایسے سیاستدانوں میں وزیر اعظم نریندر مودی، صدر کانگریس راہول گاندھی، چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو، چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے فرزند کے ٹی آر اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی وغیرہ شامل ہیں۔ جہاں تک تلنگانہ اور جنوبی ہند کی ریاستوں کے سیاستدانوں کی جانب سے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم کے استعمال اور اس پر چھا جانے کا سوال ہے اس معاملہ میں کے سی آر، کے ٹی آر، چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ دوسرے سیاستدانوں میں اتم کمار ریڈی نے سب پر بازی مارلی ہے۔ صدر تلنگانہ پی سی سی سوشیل میڈیا پلیٹ فارم کا غیر معمولی استعمال کرتے ہیں جس کے باعث وہ سوشیل میڈیا پر تلنگانہ کا عوامی چہرہ بن گئے ہیں۔ وزیر آئی ٹی کے ٹی آر، رکن پارلیمنٹ کویتا، ریاستی وزیر ہریش راؤ، تلنگانہ بی جے پی کے فلور لیڈر جی کشن ریڈی، کانگریس کے قائدین ریونت ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ومشی چند ریڈی بھی سوشیل میڈیا کا بھرپور استعمال کرتے ہیں لیکن ان تمام پر اتم کمار ریڈی کو سبقت حاصل ہے۔ صرف 112 دن میں صدر پی سی سی نے 10 ملین (ایک کروڑ )سے زائد فیس بک صارفین تک رسائی حاصل کی ہے۔