سوشیل میڈیا ایک نعمت ، منفی سرگرمیوں سے دور رہنا ضروری

مسلمان ، گروپس کے مشاغل میں وقت ضائع نہ کریں ، امام کعبہ شیخ صالح بن حمید کا خطبہ
مکہ مکرمہ ۔7 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : امام و خطیب حرم شریف شیخ صالح بن حمید نے مسلمانوں کو خبردار کیا کہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ منفی سرگرمیوں اور برائیوں سے دور رہیں ۔ سوشیل میڈیا نٹ ورکنگ سائٹس کا بیجا استعمال اور اس کو غیر ضروری اہمیت دینے سے بھی گریز کرنا ضروری ہے ۔ اس کے ذریعہ گروپس کے مشاغل میں وقت ضائع نہ کریں ۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک ہر ایک لمحہ کی پوچھ ہوگی ۔ بلا شبہ سوشیل نٹ ورکنگ سائٹس بنی نوع انسان کی جانب سے بہترین اختراعی کارناموں میں سے ایک کارنامہ ہے لیکن اس کا بیجا اور بے ہودہ استعمال گناہ ہے ۔ انہوں نے خطبہ ’ تعطیلات ، وقت اور اسے منظم کرنے کی اہمیت ‘ کے موضوع پر دیا ۔ انہوں نے سماجی ویب سائٹس کے مثبت و منفی پہلوؤں کو اجاگر کر کے دقیق ترین تجزیہ پیش کیا ۔ امام حرم نے کہا کہ سماجی ویب سائٹس انمول نعمت ہیں ۔ فوائد بے شمار ہیں ۔ ان کی بدولت دنیا بھر کے فاصلے سمٹ گئے ہیں تاہم وقت کا ضیاع بہت بڑا خسارہ ہے ۔ جس پر ہر اس انسان کا احتساب ہوگا جس نے وقت کو غیر ضروری سرگرمیوں میں صرف کیا ہوگا ۔ انہوں نے ایمان افروز فضا میں خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ وقت کو مفید ترین سرگرمیوں میں خرچ کرنا اسلامی اور انسانی ہر لحاظ سے مطلوب اور ضروری ہے ۔ امام حرم نے توجہ دلائی کہ بنی نوع انسان نے سماجی ویب سائٹ تخلیق کر کے دنیا بھر کے لوگوں کو غیر معمولی فائدہ پہنچایا ۔ فاصلے سمیٹ دئیے ۔ رابطے مستحکم کردئیے ۔ اوقات میں نظم و ضبط بحال کردیا ۔ تمام اداروں اور انسانوں سے ملنے جلنے کا ماحول برپا کردیا ۔ امام حرم نے توجہ دلائی کہ تمام مسلمانوں سے وقت کا حساب طلب کیا جائے گا ۔ اس سے مہیا وسائل کے صحیح استعمال کی بابت پوچھا جائے گا ۔
امام حرم نے کہا کہ تمام مسلمان اپنا احتساب خود کریں ۔ ایک ویب سائیٹ سے دوسری ویب سائیٹ اور ایک اکاونٹ سے دوسرے اکاونٹ ، ایک گروپ سے دوسرے گروپ میں مشغول ہوتے رہنے سے وقت ضائع ہوتا ہے ۔ اس سے پرہیز کیا جائے ، امام حرم نے کہا کہ سماجی ویب سائٹس نے افراد اور خاندانوں کی زندگی کی دقیق ترین تفصیلات دنیا بھر کے سامنے رکھ دی ہے ۔ لوگوں کی خوشی ، غمی ، سفر حضر ، غور و فکر ، کھانا پینا ، اٹھنا بیٹھنا ، ملنا جلنا سب کچھ ویب سائٹ پر دیکھا جاسکتا ہے ۔ سماجی ویب سائٹس سے حد درجہ مصروفیت نے سماجی تعلقات پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں ۔ امام حرم نے کہا کہ اس کا منفی پہلو یہ ہے کہ اس ٹکنالوجی سے وابستگی نے وقت کی بربادی کے بھی ریکارڈ قائم کردئیے ہیں ۔ بہت سارے لوگ اپنی ترجیحات اور زندگی کے اہم امور پس پشت ڈالے ہوئے ہیں ۔ تمام لوگ سماجی ویب سائٹس ، حکمت ، دانائی اور شعور و آگہی کے لیے استعمال کریں ۔ امام حرم نے کہا کہ سب لوگ سماجی ویب سائٹ کے منفی اثرات سے خود کو بچائیں ۔ دوسری جانب مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب شیخ صلاح البدیر نے جمعہ کا خطبہ اللہ کے نافرمانوں کی ہم نشینی اور بدعات و خرافات میں یقین رکھنے والے لوگوں کی مجلسوں میں بیٹھنے سے ممانعت کے موضوع پر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان اللہ کے نافرمانوں کی مجلسوں کا رخ نہ کرے ۔ ان سے میل جول نہ رکھے ۔ ان کی مجلسوں سے دور رہیں ۔۔