اندور۔28 اگست(سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع اندور کی ایک عدالت نے فیس بک پر جھوٹ بول کر دوستی کے بعد جنسی استحصال کے معاملے میں متاثرہ کو بیوی کا حق دیتے ہوئے ملزم والد اور بیٹے کیخلاف گھریلو تشدد کا مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی ہے ۔متاثرہ نے 25 جولائی کو اپنے ایک وکیل کی مدد سے فرسٹ کلاس جوڈیشیل مجسٹریٹ ساکشی کپور کے سامنے ایک نجی عرضی داخل کی تھی عرضی میں متاثرہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ملزم بھارت (24 سال ) نے اس سے فیس بک پر دوستی کا پیغام بھیجا تھا ۔اسے قبول کرنے کے بعد دونوں میں بات شروع ہوئی۔اس دوران بھارت نے کہا کہ اس کی بیوی کا انتقال ہوچکا ہے اور وہ ا س سے شادی کرنا چاہتا۔الزام ہے کہ بھارت نے خاتون سے روابط قائم کرکے شادی کا یقین دلا کر اس کا جنسی استحصال کیا۔ خاتون نے بھارت سے اس کے فیس بک میسیجس پر ہوئی بات چیت کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کیا ہے ۔