اندرون 10 یوم اراضی محکمہ صحت کے حوالے کرنے کلکٹرس کو ہدایت
حیدرآباد ۔ /21 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزراء ڈاکٹر لکشما ریڈی اور جگدیش ریڈی نے سوریہ پیٹ اور نلگنڈہ میڈیکل کالجس قائم کرنے کیلئے ہفتہ 10 دن میں حصول اراضیات کا کام مکمل کرتے ہوئے محکمہ صحت کے حوالے کرنے کی کلکٹرس کو ہدایت دی ۔ آج سکریٹریٹ میں ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی ، وزیر برقی جگدیش نے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے دونوں میڈیکل کالجس کے قیام کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دونوں وزراء نے مقررہ وقت پر میڈیکل کالجس کیلئے اراضی مختص کرنے کی ہدایت دی ۔ اراضی کی تفصیلات سے میڈیکل کونسل آف انڈیا کو واقف کرانے پر زور دیا ۔ ان وزراء نے کہا کہ نلگنڈہ اور سوریہ پیٹ میں چلائے جارہے ہیں میڈیکل کالجس کی اراضی ناکافی ہے ۔ میڈیکل کالجس اور ہاسپٹلس کی تعمیر کیلئے مزید اراضی کی ضرورت ہے ۔ ایک میڈیکل کالج کیلئے کم از کم 20 ایکر اراضی کا انتظام کرنے کا بھی مشورہ دیا ۔ مختلف مقامات پر اراضیات کا جائزہ لیا گیا ۔ ضرورت پڑنے پر ضلع ہیڈکوارٹر کے 10 کیلو میٹر کے احاطے میں اراضی حاصل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔ میڈیکل کالج اور ہاسپٹلس کی عمارتوں کے تعمیرات کا دونوں وزراء نے جائزہ لیا ۔ /7 جولائی تک میڈیکل کونسل میں داخل کرنے کے تمام شرائط کی تکمیل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ اس موقع پر محکمہ صحت کی پرنسپل سکریٹری شانتی کماری ، کلکٹر سوریہ پیٹ سریندرا موہن ، ڈائرکٹر میڈیکل اینڈ ہیلت رمیش ریڈی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔