چھ کانسٹیبل زخمی ، بچھڑے کے سر کی دستیابی پر کشیدگی ، لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال
سورت ۔30جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات کے شہر سورت کے مضافاتی علاقہ گودادرا میں آج سڑک پر ایک بچھڑے کا سر دستیاب ہونے کے بعد زبردست کشیدگی پھیل گئی اور ایک برہم ہجوم پولیس پر سنگباری کرتے ہوئے تشدد اور آتشزنی کے واقعات میں ملوث ہوگیا۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہاکہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیس نے سماج دشمن عناصر پر لاٹھی چارج کی اور آنسو گیس کے 20 شل برسائے گئے ۔ سورت پولیس کمشنر ستیش شرما نے کہاکہ ’’شہر کے مضافاتی علاقہ گودادرا کی سڑک پر آج صبح ایک بچھڑے کا سر دستیاب ہوا جس کے بعد مقامی عوام نے پولیس سے شکایت کی اور وہ ( پولیس ) وہاں پہونچ گئی۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ بچھڑا دو دن کاتھا ‘‘ ۔ اس عہدیدار نے کہاکہ ’’اس دوران چند افراد سڑک پر جمع ہوگئے اور پولیس پر سنگباری شروع کردی جس سے 6 پولیس کانسٹیبل زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے آنسو گیس کے 20 شل برسائے ۔ ابتداء میں غیرسماجی عناصر کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج بھی کیا گیا تھا ‘‘۔ انھوں نے کہاکہ ’’اس علاقہ میں ہم پٹرولنگ بڑھاچکے ہیں ۔ چند افراد کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لے لیا گیا ہے‘‘۔ لمبایت پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر کے جی لمباچیا نے کہا کہ پرتشدد ہجوم نے دو دوکانات کو نقصان پہونچایا اور آتشزنی میں ملوث ہوا حالانکہ تصادم کے بعد تاجرین نے دوکانات کو بند کردیا تھا ۔ گجرات کے مملکتی وزیر داخلہ پردیپ سنہہ جڈیجہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور برقراری امن کو یقینی بنائیں۔