پٹیل طبقہ کو تحفظات کے مطالبہ کو ملک گیر سطح پر تائید حاصل ، ہاردک پٹیل کا دعویٰ
احمدآباد ۔31 اگسٹ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) پٹیل طبقہ کو او بی سی کوٹہ کے تحت تحفظات کا مطالبہ کرتے ہوئے جاری احتجاج کا دوسرا دور کل سورت سے شروع ہوگا ۔ ہاردک پٹیل نے آج یہ بات کہی جو احتجاج کی قیادت کررہے ہیں ، جس نے ساری ریاست گجرات کو تشدد کی لپیٹ میں لے لیا تھا ۔ کنوینر پٹہ دار انن مت آندولن سمیتی ( پاس ) ہاردک پٹیل آج دہلی سے احمدآباد ایرپورٹ پہنچے ۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ تحفظات کیلئے جاری اس احتجاج کو کئی طبقات کی تائید حاصل ہوئی ہے اور آئندہ دنوں میں ملک کے دیگر حصوں میں بھی ریالیاں منظم کی جائیں گی ۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے ریاست بھر میں تمام 137 قائدین کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں احتجاج کے دوسرے دور کے منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی ۔ ہمارا یہ احتجاج کل سورت سے شروع ہوگا۔ ہم اس بار تعلقہ اور دیہات کی سطح پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ احتجاج کا یہ دوسرا دور سارے ملک کی توجہ مبذول کروائے گا ۔ کل اس بارے میں سرکاری اعلان کیا جائے گا اور آنے والے پروگرامس و ریالیوں کے منصوبہ کی تفصیلات بتائی جائیں گی ۔ اس بار سارا ملک کی ہمارے پروگرامس پر نظر ہوگی ۔ ہم گاندھی جی کے بتائے ہوئے راستہ پر چلیں گے ۔ ہاردک پٹیل نے ایرپورٹ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو یہ بات بتائی ۔ پہلے دور کے احتجاج کے دوران ہاردک اور اُن کے گروپ نے ریاست کے مختلف حصوں میں ریالیاں منظم کی تھیں ۔ احمدآباد میں 25 اگسٹ کو میگا ریالی کے بعد بڑے پیمانہ پر تشدد پھوٹ پڑا جس میں 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ ہاردک پٹیل نے دورۂ دہلی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کئی تنظیموں نے جاری احتجاج کی تائید کی ہے ۔ انھوں نے مختلف تنظیموں کے تائیدی مکتوب بھی دکھائے ۔ جن میں گجر وکاس پریشد ، کرمی ۔ شتریہ مہاسبھا ، انجنا چودھری سماج ، راشٹریہ گجر منچ وغیرہ شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ملک بھر سے تائید حاصل ہورہی ہے ۔ گجر ، کرمی ، چودھری اور دیگر کئی ہمارے ساتھ ہیں۔ ہماری یہ تحریک بہت جلد دیگر حصوں میں بھی پھیل جائے گی ۔ آئندہ دنوں میں ہم لکھنو ، اترپردیش میں ریالی منظم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں پٹیل ، گجر اور کرمی کی جملہ آبادی 27 کروڑ ہے ۔ ہم نے تمام 27 کروڑ ارکان کی دستخط حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اس میں تحفظات کامطالبہ کیا جائے گا اور اسے وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا ۔ ہاردک پٹیل نے ریاست میں میگا ریالی کے بعد پھوٹ پڑے تشدد کیلئے گجرات پولیس اور ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انھوں نے کہا کہ 25 اگسٹ کو میگا ریالی سے قبل ہم نے اس طرح کی 37 ریالیاں منظم کی لیکن ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا ۔ اس کیلئے پولیس اور ساتھ ہی ساتھ حکومت گجرات ذمہ دار ہے ۔ پولیس کی کارروائی اور پٹیل قائدین کو گرفتار کرنے کی وجہ سے یہ تشدد پھوٹ پڑا ۔ انھوں نے کہاکہ ہم گاندھی جی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔