حیدرآباد /2 جولائی (سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ نے کہا کہ جمہوریت کی یہ خاصیت ہے کہ وہ چپراسی سے چیرمین بن گئے۔ انھوں نے ایوان کونسل میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پل کا کام کرتے ہوئے معیاری اور صحت مندانہ بحث کو یقینی بنانے کے لئے غیر جانبدارانہ رول انجام دینے کا اعلان کیا۔ صدر نشین کونسل منتخب ہونے کے بعد ایوان سے خطاب کرتے ہوئے سوامی گوڑ نے انھیں صدر نشین بنانے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے علاوہ وزراء اور تمام ارکان سے اظہار تشکر کیا اور تلنگانہ عوام کو ماہ رمضان اور بونال کی مبارکباد دیتے ہوئے عید و تہوار امن و امان سے منانے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ 60 سالہ تحریک رنگ لائی ہے، لہذا سنہرے تلنگانہ کی تعمیر کے لئے جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ غریب عوام اور نوجوانوں نے جو خواب دیکھا تھا، اب اسے پورا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ کونسل میں تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ارکان موجود ہیں، لہذا قانون سازی کے معاملے میں ان ارکان سے تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ ایوان میں غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق صدور نشین سید مکثر شاہ اور ہنمنت راؤ کی روایات پر عمل کرتے ہوئے تلنگانہ قانون ساز کونسل کو سارے ملک میں ماڈل کونسل کے طورپر ترقی دینے میں اہم رول ادا کریں گے۔ دریں اثنا ریاستی وزیر آبپاشی و امور مقننہ ہریش راؤ نے سوامی گوڑ کو چیلنج قبول کرنے والا قائد قرار دیتے ہوئے
ان کے کارناموں پر روشنی ڈالی، جب کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے عام ہڑتال کی کامیابی میں سوامی گوڑ کے رول کو اہم قرار دیا۔ اسی دوران کانگریس کے رکن کے یادو ریڈی نے کہا کہ عہدوں کے لالچ میں نہیں، بلکہ سنہرے تلنگانہ ریاست کی تعمیر کے لئے ٹی آر ایس کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لہذا تلنگانہ کے جو کانگریس قائدین ہم پر الزام عائد کر رہے ہیں، وہ سیما۔ آندھرا قائدین کے دم چھلہ بنے ہوئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ قائد اپوزیشن ڈی سرینواس غیر ضروری تنازعہ پیدا کر رہے ہیں۔ اس دوران تلگودیشم فلور لیڈر نرسا ریڈی نے صدر نشین کونسل کو ایوان میں غیر جانبدارانہ رول ادا کرنے کا مشورہ دیا، جب کہ تلگودیشم کے رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم نے کانگریس پر ریاست کو بدعنوانیوں میں ملوث کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے ڈسپلن شکنی کے مرتکب اور ایوان کی خلاف ورزی کرنے والے قائدین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔