سوامی اسیمانند جیل کے باہر آنے سے خوفزدہ

چندی گڑھ۔ یکم جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سمجھوتہ دھماکہ مقدمہ کے کلیدی ملزم سوامی اسیمانند کو ضمانت منظور ہوئے 9 ماہ گذرچکے ہیں لیکن اُس نے اب تک درکار اُمور کی تکمیل نہیں کی اور انبالہ جیل سے باہر آنے سے عمداً گریز کررہا ہے ۔ اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ جیل سے باہر نکلنے کی صورت میں اُس کی جان کو خطرہ لاحق ہے ۔ ہندو تنظیم ابھینو بھارت سے وابستہ اسیمانند نے ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت منظور ہوجانے کے باوجود اب تک دانستہ طورپر شخصی مچلکہ داخل نہیں کیا ہے ۔ سکیورٹی ایجنسیوں نے خصوصی عدالت کو اُسے لاحق خطرات سے پہلے ہی باخبر کردیا ہے ۔ اگر وہ جیل سے رہا ہوجائے تو اُسے حیدرآباد یا اجمیر منتقل کیا جاسکتا ہے کیونکہ 2007 ء درگاہ اجمیر شریف دھماکہ اور حیدرآباد میں مکہ مسجد دھماکہ مقدمہ میں وہ ملزم ہے ۔این آئی اے خصوصی عدالت میں یہ مقدمہ چلایا جارہاہے سوامی اسیمانند 4 سال سے انبالہ جیل میں ہے ۔