حیدرآباد 29 ستمبر (پی ٹی آئی) حکومت تلنگانہ نے آج کہاکہ ریاست میں سوائن فلو کے دو نئے مریضوں کی شناخت ہوئی ہے۔ سوائن فلو پر حکومت کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ’’یکم اگسٹ تا 28 ستمبر 799 نمونوں کے معائنہ کئے گئے جن کے منجملہ 123 نمونے مثبت پائے گئے۔ سوائن فلو اور اُس سے متعلقہ امراض کے سبب فوت ہونے والوں کی تعداد 5 تک پہونچ گئی‘‘۔ بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز سوائن فلو (H1N1 وائرس) کے گزشتہ روز 32 معائنوں میں 2 مثبت پائے گئے لیکن کسی کی موت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ تمام ضلعوں میں اِس وباء سے نمٹنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ ادویات کے علاوہ معائنوں کے اوزار بھی دستیاب ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کھانسی، بخار، اعضاء شکنی، چھینک وغیرہ جیسے علامات کی صورت میں قریبی ہاسپٹل سے رجوع ہوں۔