فلم نگر میں پلس پولیو کا افتتاح، وزیر صحت و طبابت لکشما ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر پلس پولیو پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ آج یہاں شہر حیدرآباد کے فلم نگر کے درگا بھوانی نگر کے مقام پر وزیر صحت و طبابت مسٹر لکشما ریڈی نے بچوں کو پولیو ڈراپس پلاتے ہوئے پلس پولیو پروگرام کا رسمی افتتاح کیا۔ بعدازاں وزیر صحت نے اظہار خیال کرتے ہوئے سوائن فلو سے متاثر ڈپٹی چیف منسٹر برائے اُمور ریونیو و رجسٹریشن مسٹر محمد محمود علی تیزی سے روبہ صحت ہورہے ہیں اور کوئی تشویش کی بات نہیں ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ سوائن فلو کی کوئی بھی علامتیں ظاہر ہونے کے ساتھ ہی ماہر ڈاکٹروں سے رجوع ہوکر علاج شروع کریں۔ انھوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ سوائن فلو سے پریشان نہ ہوں کیوں کہ علاج کے ذریعہ سوائن فلو سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ سوائن فلو کی علامات کے بارے میں سب کو معلومات فراہم کرنی چاہئے۔ وزیر صحت لکشما ریڈی نے پلس پولیو کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں جملہ 24,574 مراکز قائم کرکے اندرون پانچ سال عمر کے 41,52,210 بچوں کو پولیو ڈراپس ڈالنے کے لئے نشانہ مقرر کیا گیا تھا اور بالخصوص ایک مقام سے دوسرے مقام کو سفر کرنے والے بچوں کے لئے بھی بس اسٹانڈس اور ریلوے اسٹیشنس پر انتظامات کئے گئے۔ وزیر موصوف نے مزید کہاکہ ریاستی سطح پر جملہ 55 اعلیٰ عہدیداروں اور ضلع سطح پر کم سے کم 120 عہدیداروں اور منڈل و دیہی سطح پر جملہ 2455 سپروائزرس 733 موبائیل ٹیموں کو تعینات کیا گیا۔ چھوٹے بچوں کو پولیو ڈراپس پلانے کے لئے ہر سطح پر میڈیکل اینڈ ہیلت محکمہ کے عہدیداروں نے خصوصی اقدامات کئے۔ ضلع رنگاریڈی کے آدی بٹلہ کے مقام پر اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر مدھو سدن چاری و دیگر نے پولیو ڈراپس پلائے۔ ضلع کھمم کے ستوپلی مقام پر وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے بڑے پیمانے پر پلس پولیو ڈے کے پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے چھوٹے بچوں کو پولیو ڈراپس پلائے۔ اسی طرح ضلع کریم نگر مستقر پر کارخانہ گڈا ہائی اسکول میں منظم کردہ پولیو ڈراپس کیمپ میں وزیر فینانس مسٹر ای راجندر نے چھوٹے بچوں کو پولیو ڈراپس پلائے۔ اس طرح ریاست تلنگانہ کے 31 اضلاع میں منظم کردہ پلس پولیو ڈراپس پروگرام کا ضلع کلکٹرس اور عوامی منتخبہ نمائندوں و دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے متحدہ اقدامات کے ذریعہ آج کے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا۔