سوائن فلو سے ملک بھر میں 624افراد فوت

نئی دہلی۔ 17 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سوائن فلو کی وجہ سے جاریہ سال ملک بھر میں 624 اموات ہوئی ہیں، جبکہ گزشتہ تین دن کے دوران 100 سے زائد افراد سوائن فلو کی وجہ سے فوت ہوگئے۔ وزیر صحت جے پی ندا نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 12 فروری تک سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد 485 تھی لیکن 16 فروری تک چار دن میں 100 سے زائد افراد H1N1 وائرس کا شکار ہوگئے جس کی وجہ سے مرنے والوں کی جملہ تعداد 624 ہوگئی۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر 8,423 افراد سوائن فلو کا شکار ہوئے۔ راجستھان، گجرات، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹرا سب سے زیادہ متاثرہ ریاستیں ہیں جہاں مرنے والوں کی تعداد بالترتیب 176، 144، 76 اور 58 رہی۔وزارت صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ بدترین متاثرہ ریاستوں جیسے راجستھان اور گجرات کو مرکزی ٹیمیں روانہ کی جارہی ہیں۔ حکومت نے تشخیصی کٹس اور ادویات کا خاطر خواہ ذخیرہ پہلے ہی سے تیار رکھا ہے تاکہ کسی بھی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔