سوائن فلو سے بچاؤ کیلئے مصافحہ کی مغربی روایت ختم کرنے پر زور

چندی گڑھ ۔ /10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سوائن فلو کی وجہ سے ہورہی اموات کے پیش نظر ہریانہ کے وزیر صحت انیل وج نے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ مصافحہ کی مغربی روایت کو ختم کریں اور دونوں ہاتھ جوڑ کر استقبال کیا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وبائی امراض بشمول سوائن فلو کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ انگریزیت کو چھوڑکر بھارتیہ روایت اپنائی جائے ۔ ہاتھ ملانے کے بجائے ہاتھ جوڑ کر استقبال کیا جائے ۔ انہوں نے اسمبلی میں تحریک توجہ دہانی پر جواب کے دوران یہ بات کہی ۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی اس بات کو مذہبی تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہئیے ۔ کسی کیلئے یہ ضروری نہیں کہ ’’نمستے ‘‘ کہے ۔ جیسا کہ ہندو کہتے ہیں۔ وہ صرف یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہاتھ جوڑ کر جس انداز میں چاہے استقبال کیا جائے ۔