سوائن فلو سے اموات کا اعتراف، مریضوں کو مؤثر طبی امداد کی ہدایت

وزیرصحت کا دورہ نمس ہاسپٹل، مریضوں اور اٹنڈنٹس سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 21 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیرصحت ڈاکٹر لکشماریڈی نے آج نمس ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے سوائن فلو کے متاثرین سے ملاقات کی۔ عوام کو سوائن فلو سے خوفزدہ نہ ہونے کا مشورہ دیا۔ بخار، سردرد، جوڑوں میں درد اور زکام ہونے پر دواخانوں سے رجوع ہونے اور ٹسٹ کروانے کا مشورہ دیا۔ بروقت ہاسپٹلس نہ پہنچنے کی وجہ سے چند اموات ہونے کا اعتراف کیا۔ ڈاکٹر لکشماریڈی نے سوائن فلو سے متاثر سے ملاقات کی جو نمس میں زیرعلاج ہے۔ سوائن فلو کے متاثرین کے ساتھ دوسرے امراض میں مبتلاء مریضوں اور ان کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے ہاسپٹل کی طبی امداد کے بارے میں پوچھ تاچھ کی اور ڈاکٹرس سے بھی مریضوں کے علاج پر تفصیلات طلب کی۔ بعدازاں زیرتعمیر کیاتھ لیاب، ایم آر آئی یونٹ کا بھی وزیرصحت نے معائنہ کیا اور بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سوائن فلو کا مکمل علاج ممکن ہے بشرطیکہ مریض ابتدائی مراحل میں ہاسپٹل پہنچ جائے، جس کے ٹسٹ کرانے کے بعد علاج شروع کیا جاتا ہے اور مریض کیلئے تمام ادویات دستیاب ہیں۔ تمام سرکاری ہاسپٹلس میں ٹسٹ کرانے کی سہولت موجود ہے۔ کٹس کے علاوہ ادویات بھی موجود ہے۔ ڈاکٹر لکشماریڈی نے کہا کہ ابھی تک 5700 سوائن فلو ٹسٹ کرائے گئے جن میں 70 افراد کو سوائن فلو ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ سوائن فلو سے متاثر ہونے کے بعد فوری علاج نہ کرانے سے چند افراد کی موت واقع ہوجانے کا اعتراف کیا۔ وزیرصحت نے تیز بخار، سردرد، جوڑوں کے درد، زکام ہونے پر فوری ہاسپٹلس سے رجوع ہونے کا عوام کو مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوائن فلو سے عوام کو ڈروخوف میں مبتلاء ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ آخری وقت تک انتظار کرنے کے بجائے فوری ہاسپٹلس سے رجوع ہوجانے پر زور دیا۔ اس کے علاوہ دوسرے مقامات سے نمس ہاسپٹل پہنچ کر علاج کرانے والے مریضوں سے بھی وزیرصحت نے ملاقات کی۔