سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے خود کو وقف کردینے کا عہد

حیدرآباد 27 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے سنہرے تلنگانہ کی تشکیل اور سماج کے تمام طبقات کی خوشحالی کیلئے خود کو وقف کردینے کا عہد کیا۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں کمزور طبقات اور اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کے سلسلہ میں کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کا اعلان کیا اور کہا کہ ملک کی تمام ریاستوں میں تلنگانہ فلاحی اسکیمات کے معاملہ میں سرفہرست ہے ۔ چیف منسٹر آج رات پریڈ گراونڈ سکندرآباد پر ٹی آر ایس کے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ پارٹی کے 14 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ اس جلسہ عام میں تلنگانہ کے 10 اضلاع سے لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اُن کی حکومت فلاحی اسکیمات پر سالانہ 28 ہزار کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے ملک کی کوئی بھی ریاست اس طرح کی مثال پیش نہیں کرسکتی ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے انتخابی وعدوں سے متعلق بعض اہم اعلانات کئے ۔ انہو ںنے کہا کہ غریبوں کیلئے دو بیڈ روم پر مشتمل مکانات کی تعمیر سے متعلق اسکیم کا آئندہ ماہ مئی سے آغاز ہوگا اس اسکیم کے تحت تمام غریب خاندانوں کو مکانات فراہم کئے جائیں گے اور کوئی بھی غریب اس اسکیم سے محروم نہیں رہے گا ۔ انہو ںنے کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں بہت جلد احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ کے سی آر نے بیروزگار نوجوانوں کو خوشخبری دی کہ آئندہ دو برسوں میں ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائیں جائیں گے ۔ انہو ںنے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات میں تاخیر کا اعتراف کیا اور کہا کہ کمل نادھن کمیٹی کی جانب سے ملازمین کی تقسیم میں تاخیر کے سبب بعض رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں تاہم بیروزگار نوجوانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ۔ حکومت تقررات سے متعلق اپنے وعدے پر قائم ہیں ۔ کے سی آر نے اعلان کیا کہ تمام طبقات سے تعلق رکھنے و الے غریب بچوں کیلئے کے جی تا پی جی مفت تعلیم اسکیم کا آئندہ سال سے آغاز ہوگا ۔ انہو ںنے کسانوں کے قرض کی معافی اور آئندہ سال سے زرعی شعبہ کو بلا وقفہ 9 گھنٹے برقی سربراہی کا بھی وعدہ کیا ۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کا عہد کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس کام کی تکمیل میں اُن سے تعاون کریں۔ انہو ںنے کہا کہ آئندہ تین برسوں میں حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہر کی حیثیت سے ترقی دی جائے گی ۔ تین برسوں میں حیدرآباد سنگا پور ‘جاپان اور امریکی شہر ڈیلاس کی طرز پر ترقی کرلے گا ۔ انہو ںنے کہا کہ حیدرآباد میں کئی ایک مسائل ہیں جن میں انفراسٹرکچر کی کمی ‘ٹریفک نظام اور دیگر مسائل شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر شہر کی عوام اُن کا ساتھ دیں تو وہ ایک ترقی یافتہ شہر انہیں بطور تحفط پیش کریں گے ۔ (سلسلہ صفحہ 9پر )