’’ کھودا پہاڑ اور نکلا چوہا‘‘ اپوزیشن کا رد عمل
حیدرآباد۔/5نومبر، ( پی ٹی آئی) نئی ریاست تلنگانہ کے پہلے بجٹ کی اگرچہ حکمراں ٹی آر ایس نے بھرپور ستائش کی ہے لیکن اپوزیشن کانگریس، تلگودیشم، بی جے پی اور بائیں بازو کی جماعتوں نے تنقید کرتے ہوئے بجٹ کو مایوس کن قرار دیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کی طرف سے قانون ساز اسمبلی میں پیش کردہ ایک لاکھ کروڑ روپئے کے بجٹ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ سے تلنگانہ عوام کی امنگوں اور علحدہ ریاست کیلئے کی گئی جدوجہد کے جذبہ کی جھلک ملتی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ کلیانا لکشمی، جھیلوں اور تالابوں کی بحالی و صفائی اور پینے کے پانی کیلئے واٹر گرڈ کی تنصیب اور سڑکوں کی تعمیر جیسی اہم سرکاری اسکیمات اور پروگراموں کو اہمیت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’ سنہری تلنگانہ کا مقصد حاصل کرنے کی سمت یہ بجٹ پہلا قدم ہے۔‘‘ اپوزیشن قائدین نے اس بجٹ کو بے سود اور لاحاصل قرار دیتے ہوئے ضرب المثل اردو کہاوت ’’ کھودا پہاڑ اور نکلا چوہا ‘‘ سے تعبیر کیا۔