سنگاپور میں کے سی آر کا پرتپاک استقبال

سنگاپور۔/20اگسٹ، (سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ کے چیف منسٹر اپنی زندگی کے اولین بیرونی دورہ پر آج صبح 6بجے ایک بڑے قافلہ کے ساتھ سنگاپور پہنچے جہاں رٹز کارٹن ہوٹل پر تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے غیر مقیم ہندوستانیوں کی کثیر تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔ بعد ازاں وہ جورانگ ٹاؤن کارپوریشن پہنچے جہاں ہائی ٹیک بزنس کی بڑی صنعتیں واقع ہیں۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ آئی آئی ایم کے ایک سمینار سے بھی خطاب کریں گے جس میں سنگاپور کے وزیر اعظم لی کسین لوپن بھی شرکت کریں گے۔ وہ جمعرا ت کو ہندوستانی ہائی کمشنر کے علاوہ سنگاپور کے وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے اور سنگا پور چیمبرس آف کامرس کے نمائندوں سے خطاب کریں گے۔ جمعہ کو ایک اور سمینار سے خطاب کے بعد اپنی موٹر کاروں کے قافلہ کے ساتھ ہفتہ کو ملیشیاء کے دارالحکومت کوالالمپور روانہ ہوں گے اور شہری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔ توقع ہے کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ اتوار کی شب حیدرآباد واپس پہنچیں گے۔
تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ سیشن کا 10سپٹمبر سے آغاز

حیدرآباد۔/20اگسٹ، ( این ایس ایس ) تلنگانہ کی ریاستی حکومت نے 10تا30سپٹمبر اپنی مقننہ کا بجٹ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 6سپٹمبر کو ختم ہوگا اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 8ستمبر کو حیدرآباد میں گنیش وسرجن کے بعد تلنگانہ اسمبلی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اس طرح 10ستمبر سے اسمبلی کا بجٹ سیشن شروع ہوگا جو 30سپٹمبر کو ختم ہوگا۔بشرط ضرورت اجلاس میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔