سنگاپور 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سنگاپور پولیس نے لٹل انڈیا علاقہ میں چار بیرونی ورکرس کو جھگڑا کرنے کی پاداش میں گرفتار کیا ہے۔ لٹل انڈیا میں ہندوستانی نژٓد تاجرین کی کثیر تعداد آباد ہے۔ چاروں افراد کی عمر 24 تا 30 سال بتائی گئی ہے جنھیں جو رانگ انڈسٹریل ریجن سے اُس وقت گرفتار کیا گیا جب پولیس نے CCTV پر اُنھیں جھگڑا کرتے دیکھا۔ سی سی ٹی وی کیمرے اس علاقہ میں سکیورٹی مقاصد کے تحت نصب کئے گئے ہیں تاکہ امن و امان برقرار رکھا جاسکے۔ اخبار اسٹریٹس ٹائمز کے مطابق چاروں ورکرس کا تعلق جنوبی ایشیاء سے بتایا گیا ہے۔
سعودی عرب میں انڈونیشیائی ملازمہ کو سزائے موت سے بچالیا گیا
جکارتہ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا کی حکومت سعودی عرب میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے والی ایک انڈونیشیائی خاتون کو سزائے موت سے بچانے کے لئے تقریباً 18 لاکھ ڈالر خون بہا یا دیت کے طور پر ادا کرنے کا اعلان کردیا۔ ستینہ نامی اس انڈونیشیائی خاتون کو سات سال قبل اپنی سعودی مالکن کو قتل کرنے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ چند روز میں ان کا سرقلم کیا جانا تھا تاہم انڈونیشیاء میں چلائی گئی مہم میں 41 سالہ خاتون کے خاندان اور دوستوں نے کچھ دیت کی رقم اکٹھا کی تھی۔