سنکیانگ ۔ 27 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چین کے علاقے سنکیانگ میں دھماکوں کے بعد پولیس نے کارروائی کرکے 50شدت پسندوں کو ہلاک کردیا۔چینی میڈیا کے مطابق دو پولیس تھانوں اور دو دکانوں میں ہونے والے بم دھماکوں میں 4 پولیس افسر اور 6 شہری ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے بظاہر مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کر دی جس سے 50 افراد ہلاک اور 54 زخمی ہو گئے۔اس بدامنی کو حکام ایک دہشت گردانہ حملہ قرار دیتے ہیں جس کی منصوبہ بندی مامات تورسن نے کی تھی اور وہ بھی اس دوران گولی لگنے سے مارا گیا۔ پولیس کے بقول یہ شخص 2003ء سے ایک انتہا پسند کے طور پر کارروائیاں کرتاآ رہا تھا۔ گزشتہ 18 ماہ سے جاری ایسی ہی بدامنی کی وجہ سے اب تک کم از کم 300 لوگ مارے جا چکے ہیں۔ اس خطے میں یغور نسل کی مسلم آبادی اور ہان نسل کے لوگوں کے درمیان کشیدگی چلی آرہی ہے۔ یغور کی اکثریت مسلمان ہے اور ان کا الزام ہے کہ ان کے ساتھ یہاں حکومت امتیازی سلوک روا رکھے ہوئے ہے۔