سنندا کی موت کی تحقیقات کیلئے پولیس کو ہدایت

ایس ڈی ایم کے احکام پرقتل یا خودکشی کے زاویوں پر توجہ مرکوز
نئی دہلی ۔ 21 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس کو آج سنندا پشکر کی موت کی قتل یا خودکشی کے زاویوں سے تحقیقات کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ پوسٹ مارٹم میں مرکزی وزیر ششی تھرور کی اہلیہ کی پراسرار موت کے سبب کے طور پر زہر دیئے جانے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ سب ڈیویژنل مجسٹریٹ الوک شرما جو اس نامی گرامی کیس سے نمٹ رہے ہیں، انہوں نے پولیس کو یہ ہدایت پوسٹ مارٹم رپورٹ پر غور کرنے کے بعد دی، جس میں سنندا کے دونوں ہاتھوں پر زخم کے زائد از ایک درجن نشانات کے ساتھ ساتھ ان کے بائیں گال پر معمولی خراش کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے جو طاقت کے استعمال کے سبب ہوسکتا ہے۔ تاہم اس رپورٹ میں ان زخموں کے سبب موت واقع ہونے کے امکان کو مسترد کیا گیا ہے۔

پولیس کو رپورٹ میں ایس ڈی ایم جنہوں نے سنندا کے بھائی ، فرزند ، تھرور اور ان کے اسٹاف کا بیان قلمبند کیا، انہوں نے کہا کہ کسی بھی فیملی ممبر نے اس موت میں کوئی سازشی پہلو ہونے کا شبہ ظاہر نہیں کیا ہے۔ سنندا کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ایمس کے ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ ان کی موت اچانک اور غیر طبعی ہوئی اور اس کا سبب ڈرگ کا حد سے زائد استعمال رہا جو بہ الفاظ دیگر ڈرگس کا زہریلا اثر کہا جاسکتا ہے۔ 52 سالہ سنندا جمعہ کی شب جنوبی دہلی کی ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں مردہ پائی گئی تھیں،جبکہ ایک روز قبل ان کا پاکستانی جرنلسٹ مہر تارڑکے ساتھ تھرور سے مبینہ معاشقے کے معاملہ پر ٹوئیٹر پر جھگڑا ہوا تھا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ سنندا کے میدے میں غذا کے کوئی نمونے پائے نہیں گئے جس پر ڈاکٹروں نے کہاہے کہ انہوں نے کچھ بھی کھایا نہیں تھا۔