سرکاری سطح پر حصار بندی کی مساعی ، عہدیداروں کا دورہ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( محمد آصف احمد ) : بلدی ڈیویژن اللہ پور 116 میں موجود سنم چیرو کو آہستہ آہستہ قبضہ کرتے ہوئے یہاں پلاٹنگ کرنے کی شکایت اصول ہونے پر ڈیویژن کارپوریٹر شریمتی صبیحہ بیگم ڈپٹی کمشنر نریندر گوڑ میونسپل انجینئر مسٹر ناگیشور راؤ ہیلت آفیسر مسٹر دامودر ، ایریگیشن انجینئر مسٹر شیوم ، اسسٹنٹ انجینئر مسٹر گوردھن ، آر آئی مسٹر اوما مہیشور وغیرہ نے سنم چیرو تالاب کا جائزہ لیا یہاں پر 75 فیصد تالاب کی اراضی پر قبضہ ہوچکا ہے ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ سنم چیرو تالاب کافی قدیم ہے یہاں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ اس تالاب کا پانی پینے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا تھا ۔ لیکن اب یہ تالاب زہریلا ہوچکا ہے ۔ اس تالاب کے اندر اطراف کی کالونیوں کے ڈرین کو چھوڑا جارہا ہے اس موقع پر ایریگیشن انجینئر مسٹر شیوم نے بتایا کہ تالاب کا رقبہ جملہ 30 ایکڑ پر مشتمل تھا لیکن اب صرف 13 ایکڑ تالاب باقی رہ گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تالاب کا پلان موجود ہے ۔ اس کی حصار بندی کی جائے گی ۔ سوال کے جواب میں کہا کہ اب موجودہ صورتحال کے مطابق 13 ایکڑ تالاب کی حصار بندی کے لیے نوٹ تیار کررہے ہیں ۔ باقی 17 ایکڑ تالاب پر قبضہ ہوچکا ہے ۔ اس کے لیے اعلیٰ عہدیداروں کو رپورٹ پیش کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں موجود تمام تالابوں کی صفائی کام جاری ہے ۔ اور تالابوں پر ہورہے ناجائز قبضوں کو برخاست کیا جارہا ہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بلدیہ کوکٹ پلی سرکل مسٹر نریندر گوڑ نے کہا کہ زونل کمشنر کو رپورٹ پیش کی جائے گی اور جلد از جلد کارروائی کی جائے گی ۔ موجودہ حالت میں تالاب موجود ہے ۔ پہلے اس کی حصار بندی کردی جائے گی اس موقع پر ڈیویژن کارپوریٹر شریمتی صبیحہ بیگم نے کہا کہ اگر حصار بندی کرنے میں دیر کی گئی جو بچا ہے وہ بھی قبضہ ہوجائے گا ۔ فوری طور پر حصار بندی کرنے کی عہدیداروں سے خواہش کی ۔ اس موقع پر مسرس غوث الدین ، جاوید ، اسمعیل ، ویرا ریڈی ، سرینواس دوسرے موجود تھے ۔۔