ممبئی ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار سنجے دت جو 14 دن کی پیرول پر جیل سے رہا ہوئے تھے، آج جیل حکام کے روبرو خودسپردگی اختیار کی کیونکہ پیرول میں توسیع سے حکام نے انکار کردیا تھا۔ مہاراشٹرا کے محکمہ داخلہ نے بتایا کہ ہم نے پولیس حکام سے سنجے دت کی پیرول میں توسیع کے سلسلہ میں رپورٹ طلب کی ہے۔ ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کن وجوہات کی بنیاد پر توسیع کی خواہش کی گئی اور کیا یہ وجوہات فی الواقعی درست ہیں۔ 55 سالہ فلم اداکار کو 1993ء ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے مقدمہ میں غیرقانونی طور پر AK-56 رائفل رکھنے اور اسے تباہ کرنے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔ انہیں 14 دن کے لئے پیرول پر 24 ڈسمبر کو پونے کی یرواڈہ جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ سنجے دت نے آج اپنے گھر سے روانگی کے وقت میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے 27 ڈسمبر کو پیرول میں توسیع کی درخواست دی تھی اور یہ درخواست ہنوز زیرغور ہے چونکہ پیرول میں توسیع کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔ اس لئے قانون کے مطابق انہیں خودسپردگی اختیار کرنی ضروری ہے۔ اس لئے وہ روانہ ہورہے ہیں۔ سنجے دت کو اس سے پہلے اکٹوبر 2013ء میں صحت کی بنیاد پر اور اس کے بعد ڈسمبر 2013ء میں علیل اہلیہ مانیتا کی عیادت کے لئے پیرول پر رہا کیا گیا تھا لیکن اس وقت تنازعہ کھڑا ہوگیا جب اخبارات میں مانیتا کی تصاویر شائع ہوئی جس میں وہ ایک فلم دیکھ رہی تھیں۔ اس کی وجہ سے فلم اداکار کے دعویٰ کے سلسلہ میں سوالات اٹھائے گئے۔ سنجے دت اس وقت پانچ سال جیل کی مابقی سزا پوری کررہے ہیں۔