حیدرآباد 22 ستمبر ( این ایس ایس ) سمیکھیا آندھرا پری رکھشنا سمیتی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مجوزہ انتخابات میں 20 اسمبلی حلقوں سے مقابلہ کریگی ۔ سمیتی کے صدر جی کمار چودھری یادو اور وائی گوپال کرشنا نے ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کانگریس ‘ تلگودیشم اور سی پی آئی کے مہا گٹھ بندھن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلگودیشم کی بنیاد این ٹی راما راٰ نے تلگو عوام کی عزت نفس کے نعرہ کے ساتھ ڈالی تھی ۔ اب اس کے قائدین نے اس نعرہ کو ترک کردیا ہے اور اس اتحاد میں شامل ہوگئے ہیں۔
سرسلہ میں آئندہ تین سال میں ریلوے لائین : کے ٹی آر
حیدرآباد 22 ستمبر ( این ایس ایس ) کارگذار وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راٰ نے کہا کہ وہ کوشش کرینگے کہ آئندہ تین سال میں سرسلہ میںریلوے لائین کا کام ہوجائے اگر ریاست کے عوام ٹی آر ایس کو اقتدار سونپتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مجوزہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کیلئے سرسلہ عوام کی تائید درکار ہے ۔ انہوں نے راجنا سرسلہ ضلع میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی تائید حاصل رہی تو اس حلقہ کو مثالی بنادیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی سابقہ معیاد میں حلقہ کی ممکنہ حد تک ترقی کو یقینی بنایا ہے اور حلقہ کی حالت بحیثیت مجموعی خاصی حد تک بہتر ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اکثریت کیلئے نہیں بلکہ کامیابی کیلئے عوامی تائید درکار ہے کیونکہ وہ اکثریت کا ریکارڈ بنانے کا جنون نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہاں سے پہلے 171 ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے اور پھر انہوں نے 53000 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ اب عوام انہیں ایک لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بنانا چاہتے ہیں جس کیلئے وہ عوام کے مشکور ہیں۔