نئی دہلی۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے حکمران بی جے پی کے خلاف جاری مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک دن قبل دہلی کی عدالت نے الیکشن کمیشن کے روبرو تعلیمی قابلیت کے سلسلہ میں غلط حلف نامے داخل کرنے پر مقدمہ کی سماعت سے اتفاق کیا تھا۔ اس کے بعد کانگریس نے سمرتی ایرانی کے خلاف مہم تیز کردی اور آج شہر میں دو علیحدہ احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ وزیر امور خارجہ سشما سوراج اور چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے کے معاملہ میں بھی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ یہ دونوں سابق آئی پی ایل کمشنر للت مودی کی مدد کرنے کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں۔ کانگریس نے ان دو احتجاجی مظاہروں میں دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ حکومت کا حقیقی چہرہ بہت جلد بے نقاب کرے گی۔ پارٹی دہلی یونٹ صدر اجئے ماکن کی قیادت میں کانگریس کے ہزاروں کارکن جنتر منتر پر جمع ہوئے اور یہاں انہوں نے وزیراعظم کا پتلا بھی نذرآتش کیا۔ اجئے ماکن نے کہا کہ دو دھوکے باز ہیں، ان میں بڑا دھوکے باز بی جے پی اور چھوٹا عاپ ہے۔ دہلی میں چھوٹا دھوکے باز اور مرکز میں بڑا دھوکے باز پایا جاتا ہے۔ عاپ کے سابق وزیر تومر جیل میں ہیں اور بی جے پی کے چار وزراء دھوکہ دہی کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں۔
مرکز کا بیان فسطائیت : کانگریس
نئی دہلی ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے کہا کہ چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے اور وزیرخارجہ سشماسوراج کے مستعفی نہ ہونے کا حکومت کا بیان فسطائیت کے مترادف ہے۔