سماعت و بصارت سے محروم اور معذورین کے رشتوں کا آج دوبدو پروگرام

سیاست و ایم ڈی ایف کا اعلان، جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے
حیدرآباد ۔ 8 فبروری (دکن نیوز) ادارہ سیاست و مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیراہتمام سماعت و بصارت سے محروم و جسمانی معذور مسلم لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کے سلسلہ میں دوبدو ملاقات پروگرام اتوار 9 فبروری کو 10 بجے دن تا 4 بجے شام اسلامک سنٹر، لکڑکوٹ، چھتہ بازار میں منعقد ہوگا۔ آئیڈیل انفارمیشن سنٹر برائے معذورین کی جانب سے منعقد شدنی اس پروگرام کی صدارت ڈاکٹر محمد خالد مبشرالظفر صدرنشین آئی آئی سی ڈی و ناظم شہر جماعت اسلامی عظیم تر حیدرآباد کریں گے۔ محترمہ ناصرہ خانم ناظم شعبہ جماعت اسلامی ہند آندھراپردیش و اڑیسہ، جناب محمد قیصر صدر تنظیم ہم ہندوستانی، جناب قادر علی خان سابق منیجنگ ڈائرکٹر مائناریٹی فینانس کارپوریشن اور جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔

جناب سید تبریز بخشی سکریٹری آئی آئی سی ڈی نے بتایا کہ یہ پروگرام جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے زیرسرپرستی منعقد کیا جارہا ہے۔ ابتداء میں جناب غلام معین الدین خیرمقدم کریں گے۔ حافظ رشاد الدین تعارف کروائیں گے۔ جناب سید اشفاق الدین پرنسپل آئی آئی سی ڈی نے بتایا کہ دوبدو ملاقات پروگرام کے اعلان کے ساتھ شہر و اضلاع سے والدین و سرپرستوں کی جانب سے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ سماعت و بصارت سے محروم لڑکے و لڑکیوں کیلئے افہام و تفہیم کے ذمہ دار اصحاب کو مقرر کیا گیا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے اصحاب و خواتین بھی شرکت کرسکتے ہیں۔ رجسٹریشن کا آغاز 10 بجے سے ہوگا۔ مزید تفصیلات جناب سید اشفاق الدین، جناب ایم اے قدیر سے فون نمبرات 9010657201 یا 9394801526 پر ربط کریں۔