سلمان خاں ٹکر اور فرار کیس : گواہوں کے بیانات لاپتہ

ممبئی ۔ 21 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایکٹر سلمان خاں جو 2002 کے ٹکر اور فرار معاملہ میں ملوث ہیں اور مقدمہ کی سماعت کا سلسلہ بھی عرصہ دراز سے جاری ہے وہیں اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ کیس مزید تاخیر کا شکار ہوجائے گا کیوں کہ پولیس نے عدالت کو مطلع کیا ہے کہ عینی شاہدین کے حقیقی بیانات کے بعد اب کیس ڈائریاں بھی لاپتہ ہوگئی ہیں ۔ جس کے بعد عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ لاپتہ ڈائریوں کا 12 ستمبر تک پتہ لگایا جائے ۔ یاد رہے کہ پولیس نے عدالت کو پہلی بار مطلع کیا ہے کہ کیس ڈائریاں لاپتہ ہیں ۔ قبل ازیں یہ کہا گیا تھا کہ 63 کے منجملہ صرف 7 حقیقی بیانات ہی حاصل کئے جاسکتے ہیں جب کہ ان کی نقول دستیاب ہیں ۔

سلمان خان کے وکیل سریکانت شیواڈے نے استدلال پیش کیا کہ قانون کے مطابق حقیقی کاغذات کی ضرورت ہے تاکہ عدالت میں ان کاغذات کو پیش کئے جانے کے بعد مقدمہ کی کارروائی میں پیشرفت ہوسکے جب کہ دوسری طرف استغاثہ نے استدلال پیش کیا کہ ممبئی کی عدالتوں میں جو طریقہ کار رائج ہے اس کے مطابق نقول کے ذریعہ بھی مقدمہ کی کارروائی آگے بڑھائی جاسکتی ہے ۔ سیشن جج ڈی ڈبلیو دیشپانڈے نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ عدالت کو آئندہ سماعت کے دوران اپنے موقف سے واقف کروائے تاکہ یہ معلوم ہوجائے کہ وکیل دفاع اور استغاثہ کے پاس کون کون سے کاغذات ہیں اور کیا ان کاغذات کی اساس پر مقدمہ کی کارروائی آگے بڑھائی جاسکتی ہے یا نہیں ۔ پولیس کے مطابق اصلی کاغذات مجسٹریٹ کی عدالت میں رکھے گئے ہیں جہاں 2001 میں مقدمہ کی سماعت کا آغاز ہوا تھا لیکن مقدمہ کی سیشن کورٹ کو منتقلی کے بعد گواہوں کے بیانات کے کاغذات اور کیس ڈائریاں لاپتہ ہوگئی ہیں ۔۔