سلمان خان کیس کی سماعت، 8 اکٹوبر تک ملتوی

ممبئی 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے ٹکر اور فرار کیس کی سماعت جج نے اُس وقت 8 اکٹوبر تک ملتوی کردی جب اُنھیں یہ بتایا گیا کہ سلمان خان کے وکیل آج علالت کی وجہ سے عدالت حاضر نہیں ہوسکے۔ یاد رہے کہ لاپتہ کاغذات کی وجہ سے اس کیس کی سماعت بار بار ملتوی ہوتی رہی ہے لیکن آج اس کی سماعت کی جانے والی تھی کیونکہ لاپتہ کاغذات کو حاصل کرلیا گیا تھا۔ پراسکیوٹر پردیپ گھرت نے ٹرائل جج ڈی جی دیشپانڈے کو بتایا کہ سلمان خان کے وکیل سری کانت شیواڈے اچانک علیل ہوگئے ہیں لہذا سماعت کو ملتوی کردیا جائے اور اس طرح عدالت نے سماعت کی تاریخ کو مزید پندرہ دنوں کے لئے آگے بڑھادیا اور استغاثہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ سماعت کیلئے گواہوں کو تیار رکھا جائے۔ علاوہ ازیں سلمان خان خود بھی آج عدالت میں حاضر نہیں ہوسکے تھے۔