سلطان احمد کے انتقال پر پیامات تعزیت

نئی دہلی، 5ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ جنتا دل کے سینئر لیڈر اوربہار اقلیتی امور کے سابق وزیر پروفیسر عبدالغفور نے ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر، سابق مرکزی وزیر سیاحت اوررکن پارلیمنٹ سلطان احمد کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کے انتقال سے مسلم لیڈر کا اخلا پیدا ہوگیا ہے جس کی تلافی ممکن نظر نہیں آرہی ہے۔ سابق مرکزی وزیرمملکت اور ترنمول کانگریس کے موجودہ ممبر پارلیمنٹ سلطان احمد کے اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا تنظیم علماء حق کے قومی صدر مولانا محمد اعجاز عرفی قاسمی نے کہا کہ مرحوم صرف ممبر پارلیمنٹ اور ایک سیاست داں ہی نہیں تھے ، بلکہ قوم و ملت کے ہمدرداور فعال اور متحرک سیاست داں تھے ۔دریں اثناء بزرگ عالم دین وممبرپالیمنٹ مولانااسرارالحق قاسمی نے معروف سیاسی رہنمااور ترنمول کانگریس سے ممبرپارلیمنٹ سلطان کے انتقال پر اپنے دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی بیان میں کہاکہ مرحوم سلطان احمد ایک سرگرم سیاسی رہنماہونے کے ساتھ مسلمانوں کے ملی مسائل سے دلچسپی رکھتے تھے اور انھوں نے مختلف موقعوں پرقومی و ملی بیداری کاثبوت دیا۔