اقوام متحدہ ۔7جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے آج افغانستان میں صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ کو قتل کئے جانے کی کوشش کی زبردست مذمت کی جبکہ افغانستان میں انتخابات کے ذریعہ نئی حکومت سازی کا عمل پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے ۔ عبداللہ عبداللہ کل اپنی انتخابی مہم کابل میں چلارہے تھے کہ اسی دوران دو زبردست دھماکے ہوئے جو دراصل ان کی کاروں کے قافلہ کو نشانہ بنانے کیلئے کئے گئے تھے جس میں چھ افراد ہلاک ہوگئے ۔ یاد رہے کہ افغانستان میں آئندہ ہفتہ صدارتی انتخابات منعقد شدنی ہیں ۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان افغانستان میںجمہوریت کے عمل کی تائید کرتے ہیں اور اس بات کی توقع کرتے ہیں کہ ملک میں جمہوری طرز پر حکومت کی تبدیلی کا عمل پفرامن طریقہ سے پایہ تکمیل کو پہنچے ۔ انہوں نے دہشت گردانہ حملوں اور انتخابی عمل کو درہم برہم کرنے دہشت گردوں کی کوششوں کی مذمت کی جس میں معصوم اور بے قصور شہریوں کے علاوہ انتخابات کی ڈیوٹی انجام دینے والے عہدیدار بھی متاثر ہوئے ہیں ۔