سعودی پرنس محمد کی چینی نائب وزیر اعظم اور اہم قائدین سے ملاقاتیں
بیجنگ۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے نائب ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے دورۂ چین کے دوران دونوں ملکوں نے کئی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔شہزادہ محمد بن سلمان نے چینی نائب وزیر اعظم Zhang Gaoli سے بیجنگ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چین۔ سعودی عرب مشترکہ کمیٹی کے قیام کیساتھ ساتھ کمیٹی کے پہلے سیشن کی کارروائی پر بھی اتفاق کیا گیا۔سعودی ولیعہد اور چینی نائب وزیر اعظم کے درمیان ملاقات کے بعد 15 سمجھوتوں کی منظوری دی گئی۔ بیجنگ اور ریاض میں طئے پائے دو طرفہ معاہدوں میں توانائی، خوردنی تیل کی اسٹوریج، کانوں کی کھدائی اور تجارت خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔اس کے علاوہ سعودی عرب کی وزارت ہاؤسنگ نے چین کے اصفر کے علاقے میں نئے شہر کی تعمیر میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ شاہراہ ریشم انفرمیشن معاہدے کی منظوری دی گئی۔ چین کی وزارت سائنس وٹیکنالوجی اور سعودی عرب کے شاہ عبدالعزیز سائنس ٹکنالوجی سٹی کے درمیان سائنسی شعبے میں باہمی تعاون کی متعدد یاد داشتوں کی منظوری دی گئی۔